وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارت پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اگر مرسڈیز ہے تو پاکستان ڈمپر ہے اور جب ڈمپر ٹکراتا ہے تو مرسڈیز کا حال سب کے سامنے ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں سیمینار سے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارت کے چھ جنگی طیارے تباہ کیے جن کی ویڈیوز اور شواہد حکومت کے پاس محفوظ ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ طیارے گرانے کے بعد فیصلہ کیا گیا تھا کہ ثبوت کی تصدیق تک عوامی اعلان نہ کیا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی اور انٹیلی جنس اداروں کی شاندار کارکردگی نے دشمن کے منصوبے ناکام بنائے، بھارت جو بھی منصوبہ بندی کرتا پاکستان کو بروقت اس کی اطلاع ہو جاتی تھی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی کئی تنصیبات پاکستان کے نشانے پر تھیں اور اگر ضروری سمجھا جاتا تو مزید حملے بھی کیے جا سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری انٹیلیجنس نے دشمن کی ہر چال کو قبل از وقت بھانپ لیا جس سے ہمیں فیصلہ کن برتری حاصل ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:مودی حکومت کی پالیسیوں پر بھارتی جنرل برس پڑے، میڈیا کا بیانیہ “کچرا” قرار دیا
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کی پالیسیوں کے پیچھے اجیت دوول اور امیت شاہ جیسے عناصر ہیں جو پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔





