وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر پی ڈی ایم اے نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کو فوری امداد فراہم کرنا شروع کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے 89 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا گیا ہے تاکہ حالیہ بارشوں اور فلیش فلڈ سے متاثرہ خاندانوں کی ضروریات کو فوری طور پر پورا کیا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کو 800 ملین روپے جاری کیے ہیں جس میں ضلع بونیر کو 500 ملین روپے کی خصوصی مالی امداد دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرین کو فوری طور پر معاوضہ فراہم کریں تاکہ ان کی مشکلات میں کمی کی جا سکے، ایمرجنسی آپریشن سنٹر میں فوکل پرسنز کی تعیناتی کے ذریعے متعلقہ اداروں کے مابین ہم آہنگی اور فوری ردعمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب سے تباہ گھروں کی دوبارہ تعمیر اور تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
امدادی قافلے میں خیمے، گدے، تکیے، ہائجین کٹس، کچن سیٹ، ترپال، چٹائیاں، مچھر دانیاں، کمبل، جیری کینز، سولر لیمپس، ڈی واٹرنگ پمپس، جنریٹرز، لائف جیکٹس اور گیس سلنڈرز شامل ہیں۔





