محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش اور بعض مقامات پر کلاؤڈ برسٹ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، سندھ، شمالی و جنوبی مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور بالائی پنجاب کے چند علاقوں میں تیز اور موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مزید بارش کی توقع ہے۔
مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، جھنگ، ڈی جی خان، راجن پور سمیت درجنوں اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں کلاؤڈ برسٹ کے خدشات بھی موجود ہیں۔
دیر، چترال، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور وزیرستان سمیت کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ، سکھر، لاڑکانہ، کراچی، حیدرآباد، شکارپور، خیرپور اور دیگر اضلاع میں بارش کا امکان ہے، جہاں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ژوب، مستونگ، موسیٰ خیل، خضدار، نصیرآباد، پسنی، لسبیلہ اور اورماڑہ سمیت جنوبی اور مشرقی بلوچستان میں بارش کی توقع ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جس سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے، پہاڑی علاقوں میں سفر احتیاط سے کرنے، اور ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔





