سوات کے بالائی علاقوں میں دوبارہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، مینگورہ ندی بپھر گئی، الرٹ جاری کر دیا گیا

سوات کے بالائی علاقوں میں دوبارہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، مینگورہ ندی بپھر گئی، الرٹ جاری کر دیا گیا

خیبرپختونخوا کے سیاحتی ضلع سوات میں ایک بار پھر بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے باعث بالائی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور مینگورہ ندی میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ کئی علاقوں میں لوگ اب بھی اپنی مدد آپ کے تحت گھروں کی صفائی اور بحالی میں مصروف ہیں۔

ضلعی پولیس نے متاثرہ علاقوں میں گشت بڑھا دیا ہے اور عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ کسی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ ریسکیو ٹیمیں اور امدادی ادارے بھی الرٹ پر ہیں۔

سوات سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کی نئی لہر نے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ پشاور اور خیبر میں رات گئے موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، جبکہ اٹک، لیہ اور دنیاپور میں بھی شدید بارشوں کے باعث جل تھل ایک ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا اور پنجاب میں 21 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ اس بار بارشوں کی شدت معمول سے 50 فیصد زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔ شمالی علاقہ جات اور خطہ پوٹھوہار کے زیادہ متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

Scroll to Top