عمر ایوب کی نااہلی سے متعلق ریفرنس پر سماعت 20 اگست کو ہوگی

عمر ایوب کی نااہلی سے متعلق ریفرنس پر سماعت 20 اگست کو ہوگی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب کی نااہلی سے متعلق ریفرنس کی سماعت کے لیے 20 اگست کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

نجی ٹی وی چینل(دنیا نیوز)کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے رواں ہفتے کے مقدمات کی کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں عمر ایوب کے خلاف کیس کو شامل کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں عمر ایوب اور درخواست گزار بابر نواز کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں، اور فریقین کو منگل کے روز کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے دائر ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمر ایوب نے اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات میں غلط بیانی کی اور بعض معلومات چھپائی ہیں، جو کہ آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے۔ اس بنیاد پر ان کی نااہلی کی استدعا کی گئی ہے۔

اس ریفرنس کو نہ صرف قانونی بلکہ سیاسی حلقوں میں بھی خاصی اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ عمر ایوب حالیہ دنوں میں تحریک انصاف کے متحرک رہنماؤں میں شامل ہیں اور پارٹی کی قیادت کے قریبی ساتھی تصور کیے جاتے ہیں۔

Scroll to Top