کلاؤڈ برسٹ اور گلیشیئرز کے پگھلاؤ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، مصدق ملک

اسلام آباد: وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلابی صورتحال کلاؤڈ برسٹ اور گلیشیئرز کے پگھلنے کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو نہ پایا گیا تو پاکستان جیسے ممالک کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ کلاؤڈ برسٹ کے باعث بارش کی شدت تین سے چار گنا تک بڑھ جاتی ہے، جس سے فوری طور پر سیلاب جیسی ہنگامی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پچھلے سال سندھ میں بھی کلاؤڈ برسٹ ہی کی وجہ سے شدید سیلاب آیا تھا۔

وفاقی وزیر نے عالمی ماحولیاتی انصاف پر بھی سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے 7 سے 8 ممالک سب سے زیادہ کاربن خارج کرتے ہیں، موسموں کو تباہ بھی وہی کرتے ہیں، اور فنڈز بھی انہی کے پاس جاتے ہیں، جب کہ متاثرہ ممالک کو خاطر خواہ امداد نہیں ملتی۔

مصدق ملک نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو حالیہ عرصے میں اپنی مقبولیت میں بڑا دھچکا لگا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی اصل وجوہات کیا ہیں؟

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے فوج کے خلاف مہم چلائی، لیکن حالیہ جنگی صورتحال نے اس بیانیے کو کمزور کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ نے دنیا بھر میں ایک عام پاکستانی کی عزت بحال کی ہے۔ میرے جوانوں نے اپنے سے بڑی فوج کو گرایا، بھارتی رافیل چڑیوں کی طرح گر رہے تھے۔

الیکشن سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو انتخابات پر اعتراض ہے تو ہم انہیں حکومت بنانے کی پیشکش کر چکے ہیں، تاہم انہیں اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔

Scroll to Top