پشاور: محکمہ پولیس خیبرپختونخوا نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے پولیس انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں پولیس اسٹیشنز، دفاتر، ریسٹ ہاؤسز اور پولیس پوسٹس کو پانی اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا ہے۔
سنٹرل پولیس آفس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مینگورہ پولیس اسٹیشن اور ایس پی انویسٹی گیشن آفس کا کاتہہ خانہ پانی سے بھر گیا، جس سے کیس پراپرٹیز، گاڑیاں اور سرکاری موٹرسائیکلیں بھی متاثر ہوئیں۔ مزید برآں پولیس اسٹیشن کے گراؤنڈ فلور اور گیٹ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ڈی ایس پی سٹی کی رہائشگاہ میں فرنیچر اور گھریلو سامان تباہ ہوا جبکہ ڈی ایس پی سیدو کی رہائشگاہ کی باونڈری وال، فرنیچر اور گھریلو سامان کو بھی نقصان پہنچا۔
بونیر میں پولیس اسٹیشن پیربالا کی مین گیٹ، باونڈری وال، کمپیوٹر روم، تمام ریکارڈ، اسلحہ، آلات، فرنیچر اور سی سی ٹی وی نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کلاؤڈ برسٹ اور گلیشیئرز کے پگھلاؤ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، مصدق ملک
ضلع شانگلہ میں پولیس ریسٹ ہاؤس کی ایک طرف کی دیوار گر گئی جبکہ پولیس پوسٹ کوٹکے کی عمارت کو جزوی نقصان ہوا۔ دیر لوئر کی پولیس پوسٹ گوسام منڈہ کی واٹر بورنگ، واٹر پمپ اور دیگر اشیاء بھی خراب ہو چکی ہیں۔
ضلع مانسہرہ میں پولیس اسٹیشن سٹی کی 20 فٹ باونڈری وال، پولیس اسٹیشن دربند کی 15 فٹ باونڈری وال، پولیس اسٹیشن نواز آباد اور ٹریفک ہیڈکوارٹر کی باونڈری وال اور اندرونی دیواریں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس پوسٹ باٹراسی اور پولیس اسٹیشن گڑھی حبیب اللہ کی 40 فٹ باونڈری وال کی دیواروں کو نقصان پہنچا جبکہ پولیس پوسٹ سے منسلک مسجد مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ اسی طرح پولیس اسٹیشن رستم کی باونڈری وال بھی مکمل طور پر منہدم ہو چکی ہے۔
محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ پانی نکالنے کے بعد مزید نقصانات کی تفصیلی رپورٹ تیار کرکے حکام کو پیش کی جائے گی۔





