اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے ون ونڈو کاروبار سہولت مرکز کا افتتاح

اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے ون ونڈو کاروبار سہولت مرکز کا افتتاح

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری آسانی کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے پاکستان کے پہلے ون ونڈو کاروبار سہولت مرکز کا اسلام آباد میں باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ مرکز سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے لیے ایک انقلابی سہولت ہے، جس کے قیام سے کاروبار کے آغاز کے مراحل کو نہ صرف آسان بنایا جائے گا بلکہ غیر ضروری پیچیدگیوں کا بھی خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا’’سرمایہ کاروں کو اب مختلف محکموں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں، تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔‘‘شہباز شریف نے بزنس سہولت مرکز میں کسٹمر سروس، ایچ آر اور مجموعی پیشہ ورانہ ماحول کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان عملے کی مہارت اور جذبہ اس مرکز کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ سہولت مرکز کے قیام میں تاخیر ضرور ہوئی، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پُرکشش منزل بنے۔

یہ مرکز صرف ایک آغاز ہے، ہماری کوشش ہے کہ اسے دنیا کے لیے ایک رول ماڈل بنایا جائے، اور اس کا دائرہ کار جلد پورے ملک میں پھیلایا جائے۔‘‘وزیراعظم نے اس موقع پر بی ایف سی (بزنس فیسلیٹیشن سینٹر) کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ ابتدائی تجربات کو مثبت انداز میں دیکھنا ہوگا، کیونکہ وہ مستقبل کی بڑی کامیابیوں کی بنیاد بن سکتے ہیں۔

Scroll to Top