خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید آندھی اور طوفانی بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مختلف حادثات میں آٹھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ گھروں، سڑکوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل اور مرحومین کی مغفرت کی دعا کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کا دکھ، ہمارا دکھ ہے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔’’علی امین گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف کی فراہمی، زخمیوں کو بہترین طبی امداد، اور املاک کے نقصانات کے ازالے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور امداد کو یقینی بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ’’حکومت کی اولین ترجیح متاثرہ افراد کی مکمل بحالی ہے، اور ہم ان کے ساتھ ہر قدم پر موجود رہیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ حالیہ شدید موسمی صورتحال کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان میں کئی مقامات پر درخت اکھڑ گئے، بجلی کا نظام متاثر ہوا، اور متعدد دیہات میں پانی بھر گیا۔





