وزیراعظم و وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحٰق ڈار اسلامی تعاون تنظیم (او آئی اسی) کے 21ویں غیر معمولی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے۔
کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر ان کا استقبال پاکستان کے او آئی سی میں مستقل نمائندے سفیر فواد شیر، سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق اور جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے کیا۔
یہ غیر معمولی اجلاس آج او آئی سی سیکرٹریٹ جدہ میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔ اجلاس کا مقصد فلسطین میں جاری اسرائیلی عسکری جارحیت، غزہ پر ممکنہ مکمل فوجی کنٹرول کے منصوبے اور فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں جیسے سنگین معاملات پر مسلم دنیا کا مشترکہ ردعمل تشکیل دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں خطے میں انسانی بحران پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جائے گا اور ممکنہ عالمی سفارتی حکمت عملی پر غور بھی متوقع ہے۔
پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اسحٰق ڈار اجلاس میں فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کے غیر متزلزل حمایت اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل پر ملک کا مؤقف پیش کریں گے۔





