چارسدہ: تورہ پانڑہ سکول میں تعلیمی بحران، جماعت اسلامی نے حکام کو خبردار کر دیا

الف خان شیرپاو
چارسدہ (پختون ڈیجیٹل) چارسدہ کے علاقے تورہ پانڑہ میں واقع پرائمری سکول میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی پر جماعت اسلامی کے ضلعی نائب صدر نوید خان نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

نوید خان نے عوامی شکایات پر اسکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کو درپیش تعلیمی مسائل کا جائزہ لیا۔ اسکول میں اس وقت 240 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں لیکن وہاں صرف دو کمرے اور تین اساتذہ دستیاب ہیں، جو کہ حکومتی پالیسی اور تعلیمی اصولوں کے برعکس ہے۔

نوید خان کا کہنا تھا کہ 40 طلبہ پر ایک استاد کی تعیناتی ضروری ہے، مگر یہاں اس اصول کی کھلی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسکول جانے والا راستہ بارش کے دوران کیچڑ سے بھر جاتا ہے، جس سے خاص طور پر کم عمر بچوں کا آنا جانا نہایت مشکل ہو جاتا ہے، جو تعلیمی حاضری اور کارکردگی کو متاثر کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہیڈمرالہ پر سیلابی دباؤ میں اضافہ، وزیراطلاعات نے آئندہ 12 گھنٹے نازک قرار دیے

نوید خان نے مطالبہ کیا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور مقامی منتخب نمائندے فوری طور پر اسکول کے حالات بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

ان میں مزید اساتذہ کی تعیناتی، اضافی کمروں کی تعمیر اور اسکول جانے والے راستے کی مرمت شامل ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو جماعت اسلامی ضلع بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرے گی اور حکومت کو عملی قدم اٹھانے پر مجبور کیا جائے گا۔

Scroll to Top