پشاور: خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی وائرس کے پھیلنے کا خدشہ سامنے آنے پر حکومت نے احتیاطی تدابیر اور انسداد کے لیے فوری اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے تمام ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کو ایک باضابطہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے جو ڈینگی مچھر کی افزائش کا سبب بن سکتا ہے۔
مراسلے کے مطابق تمام عوامی مقامات، اسکولوں، دفاتر، تعمیراتی سائٹس اور بازاروں میں صفائی کی صورت حال کو بہتر بنانے اور پانی کے نکاس کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بلدیاتی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں اسپرے اور لاروا کش ادویات کا استعمال باقاعدگی سے کیا جائے۔
محکمہ صحت کو اسپتالوں میں ڈینگی کے ممکنہ مریضوں کے علاج معالجے کے لیے تیاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، جن میں ادویات، تشخیص کی سہولیات اور طبی عملے کی دستیابی شامل ہے۔ ساتھ ہی ایک مربوط نظام وضع کرنے کا بھی کہا گیا ہے تاکہ ڈینگی کیسز کی بروقت رپورٹنگ ممکن ہو۔
اس کے علاوہ، محکمہ اطلاعات کو ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے تعاون سے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جس میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس مہم کے لیے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال کیے جائیں گے۔
حکومت نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، جن میں گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دینا، ٹینکیوں کو ڈھانپ کر رکھنا، مچھر دانی اور ریپیلنٹ کا استعمال شامل ہے۔ مساجد، اسکولوں اور مقامی رہنماؤں کی مدد سے کمیونٹی سطح پر بھی آگاہی پھیلانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات اور گردونواح میں ایک دفعہ پھر زلزلے کے جھٹکے
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ڈینگی پر قابو پانا صرف سرکاری اداروں کا نہیں، بلکہ پوری کمیونٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور تمام محکمے اس حوالے سے جواب دہ ہوں گے۔ انہوں نے تمام کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ انسداد ڈینگی اقدامات کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کی جائے تاکہ مہم کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔





