پشاور (پختون ڈیجیٹل) یومِ دفاع و شہداء 2025 کے موقع پر پشاور کے مختلف تعلیمی اداروں میں ملی جوش و جذبے سے سرشار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
ان تقریبات کا مقصد وطن عزیز کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور نوجوان نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔
تقاریب کا اہتمام ایس او ایس چلڈرن سکول حیات آباد، اقراء پبلک سکول وارسک، گلبہار ٹیکنیکل ہائی سکول، گرلز ڈگری کالج اور کمیونٹی ماڈل سکول متھرا میں کیا گیا، جن میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کی جانب سے اس دن کی اہمیت کو سمجھنا اور اسے منانا ایک مثبت اور خوش آئند قدم ہے۔
بچوں نے فوجی جوانوں کے ساتھ مل کر قومی پرچم کشائی کی اور ملکی سلامتی، اتحاد اور استحکام کے لیے اجتماعی دعائیں کیں۔
اس موقع پر طلباء و طالبات نے حب الوطنی سے بھرپور ملی نغمے، تقاریر اور رنگا رنگ ٹیبلوز پیش کیے جنہیں شرکاء نے بھرپور داد دی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ، ریسکیو ادارے ہائی الرٹ،شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی
طالبات کی طرف سے پیش کی گئی پرفارمنس کو خاص طور پر سراہا گیا، جس میں نہ صرف حب الوطنی کا رنگ نمایاں تھا بلکہ تخلیقی صلاحیتوں کا بھی بھرپور اظہار دیکھنے کو ملا۔
مزید برآں بچوں کے لیے ایک خصوصی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں چھوٹے ہتھیاروں کو عوامی مشاہدے کے لیے پیش کیا گیا۔ اس نمائش کا مقصد طلبہ کو فوجی تربیت اور دفاعی ساز و سامان سے روشناس کرانا تھا۔
تقریبات کا اختتام نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات کی تقسیم اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ ہوا، جس نے فضا کو جوش و جذبے سے بھر دیا۔





