امن و امان کے قیام میں افغانستان کا کردار کلیدی ہے، بیرسٹر سیف

افغان بھائی مصیبت میں ہیں، خاموش نہیں رہ سکتے، بیرسٹر سیف

خیبر پختونخوا حکومت نے افغانستان میں حالیہ تباہ کن زلزلے کے متاثرین کیلئے بھر پور امداد ی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے وفاقی حکومت سے بھی اس مشکل کی گھڑی میں افغانستان کا ساتھ دینے کی اپیل کر دی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی طرح وفاقی حکومت کو بھی افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔

علی امین گنڈاپور کی طرح شہباز شریف کو بھی مشکل کی اس گھڑی میں افغانستان کا ساتھ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا پڑوسی اور برادر ملک ہے اور معاشی طور پر کمزور بھی ہے۔

پڑوسی اور مسلمان ملک ہونے کے ناطے افغان زلزلہ متاثرین کی بھرپور معاونت ہمارا فرض ہے ۔میں پاکستان سمیت پوری دنیا سے افغان زلزلہ متاثرین کی مدد کی اپیل کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا قدم، افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر خیبر پختونخوا حکومت نے کل 35 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان روانہ کیا ہے۔

افغان بھائیوں کی مدد کے لیے مزید امدادی سامان بھی جلد روانہ کیا جائے گا۔زلزلے میں زخمی افغان بھائیوں کو پشاور سمیت صوبے کے تمام ہسپتالوں میں مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گیں۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اس مشکل وقت میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

زلزلے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔

Scroll to Top