خیبرپختونخوا میں 8 ماہ میں دہشت گردی کے 605 واقعات، 138 عام شہری شہید

پشاور (پختون ڈیجیٹل) خیبرپختونخوا میں رواں سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران دہشت گردی کے 605 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

جن میں 138 عام شہری شہید اور 352 زخمی ہوئے ہیں۔ اس دوران 351 ملزمان نامزد، 32 ہلاک اور 5 گرفتار بھی کیے گئے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز اور انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں 79 پولیس اہلکار شہید اور 130 زخمی ہوئے۔

گزشتہ ماہ بھی دہشت گردی کے 129 واقعات پیش آئے، جن میں 17 عام شہری شہید اور 51 زخمی ہوئے۔ مقابلوں میں 13 پولیس اہلکار شہید جبکہ 46 زخمی ہوئے۔ اسی دوران 186 ملزمان نامزد اور 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ بنوں میں سب سے زیادہ 42، شمالی وزیرستان میں 15، جنوبی وزیرستان میں 14، دیر میں 11 اور ڈیرہ غازی خان و کرم میں 8،8 واقعات پیش آئے۔

یہ اعدادوشمار خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال کے حوالے سے تشویشناک ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محنت جاری ہے۔

Scroll to Top