پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع اور افغانستان کے سرحدی صوبے ننگرہار میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلے کے باعث شہری گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بونیر (پیر بابا)، اپر دیر، لوئر دیر، ضلع مہمند، لنڈی کوتل (ضلع خیبر) اور افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں زلزلے کے جھٹکے دو مرتبہ محسوس کیے گئے۔
یہ جھٹکے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آئے، جنہوں نے مقامی آبادی کو پریشانی میں مبتلا کر دیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 مہمند و خیبر کے مطابق زلزلے کے فوری بعد تمام ریسکیو عملہ ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
تمام ریسکیو ٹیمیں، گاڑیاں اور ایمرجنسی مشینری کسی بھی ممکنہ سانحے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ تاحال ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کو کسی بھی ایمرجنسی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم چاک و چوبند ریسکیو ٹیمیں 24 گھنٹے عوام کی خدمت کے لیے الرٹ ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔





