بانی تحریکِ انصاف کی ہمشیرہ علیمہ خان پر انڈہ پھینکنے کے واقعے پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو افسوسناک اور شرمناک قرار دیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ علیمہ خان کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ اس سے واضح ہوتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان نے ہمیشہ اپنے بھائی کے لیے انصاف کی بات کی ہے لیکن خود کبھی کوئی سیاسی بیان یا سرگرمی کا حصہ نہیں رہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ علیمہ خان پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے اور ایسی حرکات سے سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کو میڈیا گفتگو کے دوران خاتون نے انڈہ مار دیا
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ سیاسی مخالفین کو اختلاف رائے کا حق ہے لیکن ایسے واقعات سے سیاسی ماحول مزید خراب ہو گا جو جمہوری روایات کے منافی ہے۔





