سابق کرکٹر کا انسان دوست چہرہ، شاہد آفریدی کی باجوڑ آمد، متاثرین کیلئے 20 لاکھ امداد کا اعلان

سابق کرکٹر کا انسان دوست چہرہ، شاہد آفریدی کی باجوڑ آمد، متاثرین کیلئے 20 لاکھ امداد کا اعلان

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سماجی شخصیت شاہد آفریدی نے باجوڑ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرین آپریشن کیلئے 20 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔ ان کے دورے نے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑا دی، اور ہر چہرے پر مسکراہٹ بکھر گئی۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق سخت سکیورٹی انتظامات کے باوجود عوام کی بڑی تعداد اپنے پسندیدہ کرکٹر کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے امڈ آئی۔ آفریدی کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اور ان کی آمد پر باجوڑ کے باسیوں نے بھرپور محبت اور جوش کا مظاہرہ کیا۔

شاہد آفریدی نے گورنمنٹ کامرس کالج باجوڑ میں قائم متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر انہوں نے 20 لاکھ کی مالی امداد کا اعلان کیا، جس پر متاثرین نے شکریہ اور اطمینان کا اظہار کیا۔

آفریدی نے اعلان کیا کہ باجوڑ کی خواتین اور لڑکیوں کے لیے جلد ایک وکیشنل ٹریننگ سینٹر قائم کیا جائے گا تاکہ وہ ہنر سیکھ کر اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔اس کے علاوہ انہوں نے متاثرہ بچوں اور بچیوں میں اسکول بیگز، کتابیں اور کھیلوں کا سامان بھی تقسیم کیا تاکہ تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

شاہد آفریدی نے گورنمنٹ کامرس کالج باجوڑ میں بی ایس کمپیوٹر سائنس ڈپارٹمنٹ کا باضابطہ افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید تعلیم نوجوانوں کی ترقی کا بنیادی ذریعہ ہے اور ان کی فاؤنڈیشن اس میدان میں بھی کردار ادا کرتی رہے گی۔

شاہد آفریدی نے اس موقع پر کہا’’شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے متاثرین آپریشن کی مدد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔‘‘نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا عزم انہوں نے باجوڑ کے نوجوانوں کو باصلاحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ’’میری ذاتی کوشش ہوگی کہ یہاں کے نوجوان کرکٹرز کو ملک کی بہترین اکیڈمیوں تک رسائی دلاؤں تاکہ وہ اپنے ٹیلنٹ کو قومی سطح پر منوا سکیں۔‘‘

دورے کے اختتام پر شاہد آفریدی نے متاثرہ بچوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں اور ان میں کھیلوں کا سامان بھی تقسیم کیا، جس پر بچوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

Scroll to Top