نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سوشل میڈیا پر آن لائن جوئے کی تشہیر کے معاملے پر کارروائی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے دو مزید ٹک ٹاکرز کو نوٹس بھیج دیے ہیں۔
ادارے کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز ٹک ٹاکرز ندیم مبارک المعروف نانی والا اور محمد ہریرہ کو بھیجے گئے ہیں، جنہیں 9 ستمبر کو لاہور دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایجنسی کا مؤقف ہے کہ مذکورہ افراد پر الزام ہے کہ وہ غیر رجسٹرڈ آن لائن ٹریڈنگ اور جوا ایپلیکیشنز کے ذریعے مالی دھوکہ دہی میں ملوث ہیں۔
ان پر یہ بھی الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو ایسی مشکوک ایپس میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے کر فراڈ میں ملوث کر رہے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق، ان افراد نے مبینہ طور پر ایک منظم حکمت عملی کے تحت سادہ لوح عوام کو جھانسہ دے کر ان کی جمع پونجی کو خطرے میں ڈالا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل معروف یوٹیوبر “ڈکی بھائی” کو بھی اسی نوعیت کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی ویڈیوز کے ذریعے ایسی غیر قانونی ایپس کی پروموشن کی جن سے کئی افراد کو مالی نقصان پہنچا۔ این سی سی آئی اے کی جانب سے ان کے خلاف باضابطہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔





