خیبرپختونخوا غیر محفوظ، مگر لانگ مارچ مکمل محفوظ، یہی ہے اصل کہانی، عظمیٰ بخاری

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کا لانگ مارچ شارٹ ٹرم مارچ بن چکا ہے، یہ مارچ نہ بانی پی ٹی آئی اور نہ ہی پختون عوام کے حق میں ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سہیل آفریدی کے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی جاری ہے، لیکن سہیل آفریدی کنٹینر پر چڑھے ہوئے ہیں، سہیل آفریدی کا لانگ مارچ اب شارٹ ٹرم مارچ بن چکا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ مارچ نہ بانی پی ٹی آئی کے حق میں ہے اور نہ ہی پختون عوام کے مفاد میں بلکہ ان کے مطابق یہ دہشت گرد تنظیموں کے حق میں ہے۔

وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے سوال اٹھایا کہ جب خیبرپختونخوا غیر محفوظ ہے تو مارچ مکمل طور پر محفوظ کیسے ہے؟

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہیں جبکہ خیبرپختونخوا پولیس اور عوام کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کی قیادت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی سینئر قیادت کو ایک کنٹینر باز نے یرغمال بنا رکھا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام پی ٹی آئی اور اس کے نالائق ٹولے سے نجات چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی ہوا نکل گئی، کبوتر چوک میں سناٹا، قیادت غائب

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ عوام کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورت حال اور سہیل آفریدی کے مارچ کے مقاصد پر سوالات اٹھاتے ہوئے پی ٹی آئی کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

Scroll to Top