ن لیگ کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما علیمہ خان پر انڈا پھینکنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر اخلاقی حدود کو پار نہیں کرنا چاہیے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ علیمہ خان پر انڈا پھینکنے کی شدید مذمت کرتا ہوں، خواتین کی تضحیک کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا’’جس طرح مریم نواز نے جیل کی سختیاں برداشت کیں، بانی پی ٹی آئی 15 دن بھی نہیں گزار سکتے۔ اُنہیں جیل میں تمام سہولیات دستیاب ہیں۔‘‘
قومی اخبار(روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق حالیہ دنوں اڈیالہ جیل کے باہر اُس وقت ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جب دو نامعلوم لڑکیوں نے پی ٹی آئی کی رہنما علیمہ خان پر انڈا پھینکا۔ واقعے کے فوری بعد پولیس نے دونوں لڑکیوں کو حراست میں لے لیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے اس واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے تھانہ صدر بیرونی، راولپنڈی میں تحریری درخواست جمع کرا دی ہے، جس میں حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی کے وکلا کا مؤقف ہے کہ یہ عمل نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ سیاسی انتقام کی فضا کو مزید خراب کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔





