سیلاب زدہ علاقوں میں ملیریا اور ڈینگی وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر قومی ادارہ صحت نے خیبرپختونخوا حکومت کو مچھر دانیاں اور ملیریا کی ادویات فراہم کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، یہ سامان قومی آفات مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے ذریعے خیبرپختونخوا بھیجا گیا ہے تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ملیریا اور ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بونیر اور شانگلہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے 10 ہزار مچھر دانیاں روانہ کی گئی ہیں، جب کہ بونیر کے لیے ایک موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری بھی بھجوائی گئی ہے۔
مزید براں، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے لیے 3,140 کلو گرام سرجیکل آلات اور 350 کلو گرام ادویات ارسال کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کے پی، جی بی، اور آزاد کشمیر کے لیے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں بھی روانہ کی گئی ہیں تاکہ طبی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، پنجاب حکومت کی جانب سے اب تک مچھر دانیوں یا ادویات کی فراہمی کے لیے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، جبکہ سندھ اور بلوچستان حکومتوں کے پاس اس وقت مچھر دانیاں اور ادویات کا وافر اسٹاک موجود ہے۔
قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کو بھی ضرورت کے مطابق مزید سامان فراہم کیا جائے گا، اور وفاقی حکومت کے پاس اس وقت مچھر دانیوں اور ملیریا و ڈینگی سے بچاؤ کی ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔





