مانسہرہ کے تھانہ لاری اڈہ پولیس نے بیدڑہ انٹرچینج کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی لکڑی سے بھرا ٹرک تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور سمیت 3 ٹمبر اسمگلروں کو گرفتار کر لیا، کارروائی میں 34 عدد چیڑ کے نگ برآمد کیے گئے۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی خصوصی ہدایت پر ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کی زیر نگرانی ٹمبر مافیا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت یہ بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاری اڈہ پولیس نے بیدڑہ انٹرچینج پر ایک مشکوک ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ڈرائیور نے اہلکاروں کو کچلنے کی کوشش کی، پولیس اہلکاروں نے بہادری اور مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو محفوظ بنایا اور فوری تعاقب کر کے ٹرک کو روک لیا۔
ٹرک کی تلاشی پر اس میں بڑی مقدار میں غیر قانونی چیڑ کی لکڑی پائی گئی، جس پر پولیس نے موقع پر موجود تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف تھانہ لاری اڈہ میں دفعات 324، 186، 397 اور 411 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس نے محکمہ جنگلات کو بھی برآمد شدہ لکڑی کے حوالے سے مطلع کر دیا ہے ، ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی کی نگرانی میں اعلیٰ سطحی انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی پی او نے کہا کہ اگر اس عمل میں کسی بھی محکمہ، بشمول پولیس، کا کوئی اہلکار ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: نوشہرہ میں مسلم لیگ (ن) کے یوتھ کنونشن کے دوران شدید بدنظمی، امیر مقام کو سٹیج سے اُتار دیا
انہوں نے مزید کہا کہ ٹمبر مافیا کے خلاف جاری کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔





