حکومتِ پاکستان نے آٹھ سال بعد گھریلو صارفین کے لیے نئے گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد سوئی گیس کمپنیوں کو اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ درآمدی ایل این جی کے ذریعے نئے پائپ لائن کنکشن جاری کر سکیں۔ اس فیصلے کا باضابطہ اعلان وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پریس بریفنگ کے دوران کیا۔
وزیر پیٹرولیم کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر نئے آر ایل این جی کنکشنز کا اجرا کیا جا رہا ہے، جو اگرچہ مقامی گیس سے مہنگے ہوں گے، تاہم ان کی قیمت ایل پی جی کے مقابلے میں 35 فیصد کم ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان صارفین کو بھی یہ سہولت دی جا رہی ہے جنہوں نے پہلے ہی کنکشن کے لیے درخواست دے رکھی ہے، انہیں اختیار ہوگا کہ وہ اپنی درخواست کو آر ایل این جی پر منتقل کروا لیں۔
اس نئے نظام کے تحت درخواست دہندگان کے لیے ریٹ فریم ورک بھی تشکیل دیا گیا ہے، تاکہ گیس کنکشن کا حصول آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔ ترجمان سوئی نادرن گیس کے مطابق نئے گھریلو کنکشن درآمدی ایل این جی سے فراہم کیے جائیں گے جن کی قیمت عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں سے منسلک ہوگی، تاہم ان کی ادائیگی پاکستانی روپے میں کی جائے گی۔ صارفین کو اس نظام کے تحت متغیر قیمتوں کو تسلیم کرنا ہوگا، جس کے لیے انہیں حلف نامے پر دستخط کرنا ہوں گے تاکہ مستقبل میں کسی قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
جہاں تک فیس کا تعلق ہے، نئے گھریلو گیس کنکشن کے لیے سیکیورٹی ڈپازٹ بیس ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ دس مرلے تک کے گھروں کے لیے کنکشن فیس اکیس ہزار روپے اور دس مرلے سے بڑے گھروں کے لیے تیئس ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
درخواست دینے کے لیے صارفین قریبی سوئی نادرن گیس کے ریجنل دفتر سے یا کمپنی کی ویب سائٹ سے فارم حاصل کر سکتے ہیں۔ فارم کو بڑے حروف میں پُر کر کے جمع کرایا جائے گا، اور نیٹ ورک کی دستیابی کی بنیاد پر کیس کو منتخب کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ شناختی کارڈ کی نقل، جائیداد کی ملکیت کا ثبوت اور ہمسایہ جائیداد کا گیس بل بھی لازمی طور پر جمع کرانا ہوگا۔
درخواست جمع ہونے کے بعد ایس این جی پی ایل کی ٹیم متعلقہ سائٹ کا معائنہ کرے گی تاکہ تکنیکی اعتبار سے کنکشن کی گنجائش کا جائزہ لیا جا سکے۔ اگر سب کچھ درست پایا گیا تو صارف کو ایک ’پروپوزل لیٹر‘ یا ’ڈیمانڈ نوٹس‘ جاری کیا جائے گا جس میں انسٹالیشن سے متعلق ہدایات اور مجاز کنٹریکٹرز کی فہرست بھی فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور:سنگین جرم پر پولیس افسر کو بڑی سزا
حکام کا کہنا ہے کہ یہ نیا طریقہ کار گھریلو صارفین کو قدرتی گیس کی سہولت بہتر انداز میں اور نسبتاً کم قیمت پر فراہم کرنے کے لیے متعارف کروایا گیا ہے، جس سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ سوئی نادرن گیس کی خدمات میں بہتری بھی آئے گی۔





