رانی عندلیب
پشاور تعلیمی بورڈ نے گیارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان کر دیا جس میں کامیابی کی شرح صرف 44 فیصد رہی جبکہ 56 فیصد طلبہ امتحان میں ناکام ہو گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 66 ہزار 695 طلبہ و طالبات نے امتحان میں حصہ لیا جن میں سے 29 ہزار 487 کامیاب جبکہ 37 ہزار 208 طلبہ مختلف مضامین میں فیل قرار پائے۔
پالیسی کے تحت فیل ہونے والے طلبہ کو 12ویں جماعت میں پروموٹ کر دیا جائے گا تاکہ وہ دوبارہ امتحان کی تیاری کے ساتھ تعلیم جاری رکھ سکیں۔
نتائج میں ایک بڑا تنازعہ بھی سامنے آیا جہاں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج فیز سیون کے بایالوجی پریکٹیکل کا پورا ہال فیل قرار دیا گیا۔
حیران کن طور پر طالبات کو پریکٹیکل دینے کے باوجود غیر حاضر لکھ دیا گیا ،تھیوری میں 70 سے زائد نمبر لینے والی طالبات کو بھی غیر حاضر قرار دے دیا گیا۔
متاثرہ طالبات اور والدین نے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔





