تیاریاں مکمل، پاکستان اور یو اے ای میچ شیڈول کے مطابق ہوگا

تیاریاں مکمل، پاکستان اور یو اے ای میچ شیڈول کے مطابق ہوگا

ایشیا کپ کے میچ کے سلسلے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم آج شام متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف شیڈول کے مطابق میدان میں اترے گی۔ ٹیم کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ تمام تیاریاں مکمل ہیں اور میچ بغیر کسی تاخیر کے کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی خدمات قبول نہیں کی جا رہی ہیں، اور اس میچ میں وہ ریفری کے طور پر تعینات نہیں ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور یو اے ای کے میچ میں ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈسن کو میچ ریفری کے طور پر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ فیصلہ پی سی بی کی طرف سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو لکھے گئے خط کے بعد سامنے آیا، جس میں اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل نہ کرنے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ اگر مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو وہ ایشیا کپ کے مزید میچز کے بائیکاٹ کا موقف اختیار کرنے پر غور کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ 15 ستمبر کو پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے دوران اینڈی پائی کرافٹ کے رویے پر شدید اعتراضات اٹھائے تھے اور ریفری کی تبدیلی نہ ہونے کی صورت میں ایشیا کپ کے میچز نہ کھیلنے کا عندیہ دیا تھا۔

آئی سی سی کی جانب سے اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی درخواست مسترد کیے جانے کے دعوے بھارتی کرکٹ ویب سائٹ نے کیے تھے، تاہم پی سی بی کا موقف بدستور سخت ہے اور اب تک مذاکرات جاری ہیں۔

Scroll to Top