پشاور پولیس نے تھانوں میں موجود ملزمان کی ویڈیو ریکارڈنگ اور انٹرویو پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سی سی پی او آفس پشاور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر گرفتار ملزمان کے بیانات اور ویڈیوز بنانے پر سخت پابندی ہوگی، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ فیصلہ پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد عمل میں لایا گیا ہے، جس میں محکمہ پولیس کو ملزمان کے انٹرویو اور ویڈیو ریکارڈنگ پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا مقصد ملزمان کے حقوق کا تحفظ اور قانونی عمل کو متاثر کیے بغیر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ ساتھ ہی، اس اقدام سے غیر قانونی وائرل ویڈیوز اور بیانات کے باعث ہونے والے منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
پشاور پولیس عوام سے بھی درخواست کرتی ہے کہ وہ اس پابندی کی مکمل پاسداری کریں اور کسی بھی غیر قانونی ویڈیو یا انٹرویو کی نشر و اشاعت سے گریز کریں۔





