سزاؤں کا اتوار بازار ختم ہونا چاہیے،چیئرمین پی ٹی آئی

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اب سزاؤں کا اتوار بازار ختم ہونا چاہیے ، نفرت کی بنیاد پر حکومت کرنا ملک کے مفاد میں نہیں۔

پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج عمر ایوب، شبلی فراز اور عبدالطیف کی نااہلی سے متعلق کیسز کی سماعت تھی جن میں ان کے بقول الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کے برعکس فیصلے کیے ہیں۔

انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ ان مقدمات کی سماعت کل ہی مکمل کر لی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ سے انصاف کی امید ہےاور صرف انصاف ہونا ہی کافی نہیں بلکہ اس کا نظر آنا بھی ضروری ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق جہانگیری سے متعلق حالیہ واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کسی جج کو عدالتی امور کی انجام دہی سے روکنا قابلِ مذمت ہے۔ عوام کا عدلیہ پر اعتماد پہلے ہی کمزور ہو چکا ہے اس لیے سپریم کورٹ کو اس معاملے میں فوری ایکشن لینا چاہیے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کے زیرِ التوا فوجداری مقدمات کی جلد سماعت کی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔

بیرسٹر گوہر نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ پی ٹی آئی کے زیر التوا مقدمات کو قانون کے مطابق نمٹایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ماتحت عدلیہ کی مؤثر نگرانی کی جاتی تو پی ٹی آئی کے تین رہنماؤں کو مجموعی طور پر 100 سال کی سزا نہ دی جاتی۔اب سزاؤں کا اتوار بازار بند ہونا چاہیے، نفرتوں سے حکومت کرنے سے پاکستان کا نقصان ہوگا۔

Scroll to Top