سعودی دارالحکومت کی عمارتیں پاکستانی پرچم کے رنگوں سے جگمگا اٹھیں

ریاض : پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کی مناسبت سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی بلند و بالا عمارتیں پاکستانی اور سعودی پرچم کے رنگوں سے روشن کردی گئیں۔

عمارتوں پر سبز و سفید رنگوں سے سجا پاکستانی پرچم، چاند اور ستارے کے ساتھ جگمگا رہا ہے، جبکہ سعودی عرب کا سبز پرچم بھی پوری آب و تاب کے ساتھ نمایاں کیا گیا۔ دونوں ممالک کے پرچموں کی روشنیاں دیکھ کر شہریوں نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔

اس خوبصورت منظر کو پاکستانی اور سعودی شہریوں نے بے حد سراہا، اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔

یاد رہے کہ حال ہی میں ریاض میں وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ (SMDA) پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت نے ملک کا سر فخر سے بلند کیا، ایاز صادق

معاہدے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اگر کسی ایک ملک پر جارحیت کی گئی، تو اسے دونوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔

یہ اقدام نہ صرف دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم سنگِ میل بھی ہے۔

Scroll to Top