افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ پاکستان میں دہشت گردی میں استعمال ہو رہا ہے، ترجمان پاک فوج

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ  افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد پیچھے رہ جانے والا اسلحہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہو رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق امریکا نے انخلا کے وقت افغانستان میں 7.2 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ چھوڑا جس میں چار لاکھ سے زائد چھوٹے ہتھیار، بائیس ہزار سے زائد گاڑیاں، اور 167 طیارے و ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ امریکی ساختہ ہے اور اس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسلحہ دہشت گردوں کے ہاتھ لگ چکا ہے جو اسے پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، ترجمان پاک فوج نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

یاد رہے اگست 2021 میں امریکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان نے افغانستان کا کنٹرول سنبھال لیا تھا جس کے بعد وہاں چھوڑے گئے اسلحے کے غلط ہاتھوں میں جانے کے خدشات عالمی سطح پر ظاہر کیے گئے تھے۔

Scroll to Top