صوابی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سیکرٹری جنرل تحریک تحفظ آئین پاکستان اسد قیصر نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو پشاور میں ہونے والا جلسہ عمران خان کی رہائی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جلسے کا عنوان “ریلیز عمران خان” ہے جس کا بنیادی مقصد خیبر پختونخوا میں جاری آپریشن کو بند کرانا اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان دو تین باتیں مان لیں تو کل ہی رہا ہو سکتے ہیں، لیکن عمران خان نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور صوبوں کے جائز حقوق کی بات کی ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان کا مؤقف ہے کہ جس صوبے یا علاقے میں قدرتی وسائل ہوں، سب سے پہلا حق اسی علاقے کے عوام کا ہے۔ ہمارا جلسہ عوامی حقوق اور ہر پاکستانی کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کا مقصد ملک میں رائج ہائبرڈ نظام سے بغاوت ہے۔ ہم سب نکلیں گے اور بھرپور آواز اٹھائیں گے کہ ہمیں اس ملک میں ہائبرڈ نظام قبول نہیں۔
اسد قیصر نے ضلع خیبر کے علاقہ تیرہ میں آج ہونے والے افسوس ناک واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے خیبر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور پشاور جلسے میں اپنے عوام سے اظہار یکجہتی کریں گے ۔
یہ بھی پڑھیں : خواجہ آصف کے افغانستان سے متعلق بیان پر صوبائی وزیرسجاد بارکوال اور جلال خان کے درمیان تلخ کلامی
انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کا پشاور جلسہ عوام کا جلسہ ہے اس میں ہر شہری کو شرکت کر کے اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔ “میں تمام پاکستانیوں بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے حقوق کے تحفظ اور آئین کی بالادستی کے لیے اس تاریخی اجتماع میں بھرپور شرکت کریں۔





