چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے شان مسعود اور اظہر محمود کی ملاقات ہوئی جس میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریاں زیر بحث آئیں۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور کوچ اظہر محمود سے ملاقات کی، جس میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں کپتان اور کوچ کو ٹیسٹ ٹیم کے حوالے سے مکمل فری ہینڈ دیا گیا ، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے میری پوری سپورٹ آپ کے ساتھ ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیم کو اعتماد دیا کہ بورڈ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا تاکہ ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔
پاکستان کے دورے میں جنوبی افریقی ٹیم 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کے خلاف اہم میچ، قومی ٹیم میں تبدیلی متوقع
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم پہلی سیریز جنوبی افریقہ کے خلاف کھیل رہی ہے اور سیریز کا پہلا ٹیسٹ 12 اکتوبر سے لاہور جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 اکتوبر سے راولپنڈی میں شیڈول ہے۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد 3 ٹی 20 میچز کی سیریز بھی ہوگی جس کا پہلا میچ 28 اکتوبر کو پنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ 2 میچز قذافی سٹیڈیم میں 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو کھیلے جائیں گے۔
ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کے بعد 3 ون ڈے میچز 4، 6 اور 8 نومبر کو فیصل آباد کی سرزمین پر کھیلے جائیں گے۔





