ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین مقابلے میں آج پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ میچ پاکستانی ٹیم کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ شکست کی صورت میں قومی ٹیم کو ایونٹ سے باہر ہونے کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے ابوظہبی کے میدان میں شروع ہوگا، جہاں دونوں ٹیمیں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان کرکٹ مینیجمنٹ نے اس اہم میچ کے لیے بھرپور حکمت عملی تیار کر لی ہے، اور کامیابی کے امکانات بڑھانے کے لیے ٹیم میں اہم تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق، حسین طلعت کو سری لنکا کے خلاف میچ میں ڈراپ کیا جا سکتا ہے جبکہ ان کی جگہ حسن نواز کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ حسین طلعت نے بھارت کے خلاف میچ میں 11 گیندوں پر 10 رنز بنائے تھے، جبکہ ان کا مجموعی ٹی20 کیریئر 20 میچوں میں 405 رنز پر مشتمل ہے
ادھر حسن نواز اب تک 22 ٹی20 میچز میں 449 رنز بنا چکے ہیں اور ان کا بہترین انفرادی اسکور 105 ناٹ آؤٹ ہے، جس کے باعث انہیں ایک باصلاحیت متبادل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان کی گزشتہ کارکردگی پر نظر ڈالیں تو قومی ٹیم نے گزشتہ 6 برسوں میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے 5 ٹی20 میچز میں صرف ایک کامیابی حاصل کی ہے۔ تاہم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کی کارکردگی کچھ بہتر رہی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 7 میں سے 4 میچز پاکستان کے نام رہے۔
شائقین کرکٹ کی نظریں آج کے اس فیصلہ کن میچ پر جمی ہوئی ہیں، اور پوری قوم اپنی ٹیم کی فتح کے لیے پُرامید ہے۔





