پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹرز کی جانب سے قائمہ کمیٹیوں سے دیے گئے استعفوں کے بعد حکومت نے اپنی حکمت عملی واضح کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ فی الحال یہ استعفے منظور نہیں کیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے فوری طور پر منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے سینیٹ سیکرٹریٹ کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ پی ٹی آئی کے استعفوں سے متعلق مزید رہنمائی پارٹی قیادت سے حاصل کریں گے۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سینیٹرز کی غیر موجودگی کے باوجود قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔ پی ٹی آئی ارکان کو بطور چیئرمین کمیٹی تمام مراعات بھی بدستور فراہم کی جائیں گی۔
اس ضمن میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن ارکان کی عدم شرکت کی صورت میں قائمہ کمیٹیوں کی صدارت اپوزیشن کے کنونیئرز کریں گے، جبکہ حکومتی ارکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اجلاسوں میں کورم پورا کرنے کو یقینی بنائیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے احتجاجاً قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا، جسے سیاسی حلقے اہم موڑ قرار دے رہے ہیں۔





