ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنۃ الخوارج کے 13 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 24 ستمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جہاں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔

بیان کے مطابق آپریشن کے دوران پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 13 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

ہلاک شدہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، جن میں دسمبر 2023 میں درابن میں خودکش حملہ، سرکاری اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات شامل ہیں۔

علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی تلاش اور ان کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سوات:صوبائی وزیرفضل حکیم اور شاہی خاندان کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرگیا

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

Scroll to Top