وفاقی حکومت نے استعمال شدہ پرانی گاڑیوں کی کمرشل بنیادوں پر درآمد سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پانچ سال پرانی گاڑیوں کو 30 جون 2026 تک درآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔اس کے ساتھ ہی پرانی گاڑیوں پر کسٹمز ڈیوٹی کے علاوہ 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی عائد کی جائے گی، جبکہ مستقبل میں گاڑیوں کی عمر کی حد بھی ختم کر دی جائے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نیویارک سے ویڈیو لنک کے ذریعے ای سی سی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں پرانی گاڑیوں کی درآمد کے حوالے سے یہ نیا فیصلہ کیا گیا۔ درآمد کی جانے والی گاڑیوں کو ماحولیات اور حفاظتی معیارات پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔
ای سی سی نے پانچ سال سے کم پرانی گاڑیوں کی درآمد پر موجودہ کسٹمز ڈیوٹی کے علاوہ چالیس فیصد اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کی بھی منظوری دی ہے جو 30 جون 2026 تک نافذ رہے گی۔ اس کے بعد یہ ڈیوٹی ہر سال 10 فیصد کی کمی کے ساتھ کم ہوتی جائے گی اور 2030 تک مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔
اسی اجلاس میں پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی کو تکنیکی معاونت کے لیے 50 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔





