پی ڈی ایم اور نگران حکومت نے خیبرپختونخوا کو معاشی لحاظ سے مفلوج اور ڈیفالٹر صوبہ بنا دیا تھا، ڈاکٹر شفقت ایاز

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور نگران حکومت نے خیبرپختونخوا کو معاشی لحاظ سے مفلوج اور ڈیفالٹر صوبہ بنا دیا تھا۔ حالات یہاں تک پہنچ گئے تھے کہ صوبائی حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کو ایک مہینے کی تنخواہ دینے کے لیے بھی وسائل موجود نہیں تھے۔ ترقیاتی منصوبے جمود کا شکار تھے،ہسپتالوں،سکولوں اور دیگر عوامی سہولیات کے منصوبے رکے ہوئے تھے، اور عام آدمی شدید مایوسی کا شکار تھا۔ یہ وہ وقت تھا جب عوام کے اعتماد کو شدید دھچکا پہنچا۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ الحمدللہ آج صورتحال یکسر بدل چکی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے اقتدار سنبھالتے ہی معیشت کی بحالی کو اولین ترجیح بنایا۔ کرپشن کے خاتمے، مالی نظم و ضبط کی بحالی، محصولات کے نئے ذرائع متعارف کرانے، غیرضروری اخراجات میں کمی اور شفاف طرز حکمرانی کے نتیجے میں صوبہ ایک مستحکم اور مضبوط معیشت کی طرف گامزن ہے۔ آج خیبرپختونخوا کے پاس نہ صرف اپنے ملازمین کو بروقت تنخواہیں دینے کے وسائل ہیں بلکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے خاطر خواہ بجٹ بھی دستیاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبہ اکثر وفاق یا بیرونی اداروں کی طرف دیکھتا تھا کہ کب ریلیف اور وسائل فراہم ہوں گے۔ لیکن آج الحمدللہ صورتحال بدل گئی ہے۔ صوبائی حکومت نے اپنی مالی اور انتظامی صلاحیت کے ذریعے متاثرہ علاقوں کو ریلیف فراہم کیا، انفراسٹرکچر کی بحالی شروع کی اور متاثرین کو فوری امداد پہنچائی۔ ہم نے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائے بلکہ اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے۔ یہ وہ اعتماد ہے جو موجودہ حکومت نے صوبے میں بحال کیا ہے۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے مشکل حالات میں بھی ہمت، عزم اور وژن کے ساتھ صوبے کی قیادت کی۔ آج خیبرپختونخوا ایک بار پھر ترقیاتی ایجنڈے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ صوبہ اپنی ضرورت پوری کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی نیشنل گرڈ کو بھی فراہم کر سکے۔ تعلیم کے شعبے میں ڈیجیٹل لٹریسی، ای-بستہ پروگرام، اور نوجوانوں کے لیے جدید ہنر سیکھنے کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ صحت کے شعبے میں ہسپتالوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور دیہی علاقوں تک صحت کی سہولت پہنچانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات چیئرمین عمران خان کے وژن کا حصہ ہیں۔ عمران خان کا ہمیشہ یہ مؤقف رہا ہے کہ پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، اداروں کو مضبوط بنانا ہے، اور نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے میدان میں دنیا کے برابر لانا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور اسی وژن کو عملی شکل دے رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج صوبے کے نوجوان مایوسی کے بجائے امید اور ترقی کی بات کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ابھی راستہ آسان نہیں۔ معیشت کو مزید مستحکم کرنا، روزگار کے زیادہ مواقع پیدا کرنا، اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ایک مسلسل جدوجہد ہے۔ لیکن یہ سفر شروع ہو چکا ہے اور عوام اس کا عملی نتیجہ دیکھ رہے ہیں۔ آج تنخواہیں بروقت مل رہی ہیں، ترقیاتی بجٹ بحال ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ رفتار کے ساتھ ہم نے یہ سفر جاری رکھا تو بہت جلد خیبرپختونخوا نہ صرف ایک مضبوط معیشت والا صوبہ بن جائے گا بلکہ یہ پورے پاکستان کے لیے ایک رول ماڈل بنے گا۔ عوام کو اب یہ اعتماد ہونا چاہیے کہ ان کی حکومت کسی پر انحصار نہیں کر رہی بلکہ اپنی صلاحیت اور وسائل سے صوبے کو ترقی کی راہ پر ڈال رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : استعمال شدہ پرانی گاڑیوں کی امپورٹ سے متعلق بڑافیصلہ

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عوام اس مثبت تبدیلی کا حصہ بنیں، اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور حکومت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں تاکہ خیبرپختونخوا کو ایک جدید، ترقی یافتہ اور خودمختار صوبہ بنایا جا سکے۔

Scroll to Top