نیو یارک میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسلامی ممالک کے سربراہان کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں دیرپا امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں غزہ کے لیے عالمی امداد فراہم کرنے اور فلسطینی قیادت کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
صدر ٹرمپ سے ملاقات میں مسلم اور عرب رہنماؤں نے غزہ کی تعمیر نو کے جامع منصوبے کی حمایت کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نیو یارک میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحق ڈار آج اس اجلاس میں شریک ہیں جہاں اس مشترکہ اعلامیے کو عملی جامہ پہنانے پر بات چیت ہوگی۔
فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم نے واضح کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تمام اہم ایشوز پر گفتگو کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : مہمند میں بی ایس پروگرام کی بندش ناقابل قبول، آؤٹ سورسنگ بند کی جائے، نثار مہمند
وزیراعظم نے معرکہ حق کو پاکستان کی عظیم فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے بھارت کو شکست فاش دی اور اس کا گھمنڈ پاش پاش کر دیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگ کے حقیقی معرکے کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات پر بھی بات کی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات دن بہ دن بہتر ہو رہے ہیں اور تجارت و سفارتی رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔





