خیبر پختونخوا میں بارشوں کی واپسی، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

خیبر پختونخوا میں بارشوں کی واپسی، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف بالائی علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کر دی ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم بدستور گرم اور خشک رہے گا۔

محکمے کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں جزوی طور پر مطلع ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد کے بعض علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے، جب کہ راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، مری اور گلیات میں بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے کہ پشاور، کوہاٹ، چارسدہ، دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مہمند، نوشہرہ، مردان، بنوں، لکی مروت، کرک اور وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، تاہم وہاں بارش کے واضح امکانات نہیں۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب، سیلاب سے متاثرہ سندھ اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند دن موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم آنے والے دنوں میں بالائی علاقوں میں موسم کی تبدیلی متوقع ہے۔

Scroll to Top