برطانیہ میں کام کے لیے اب ڈیجیٹل شناختی کارڈ لازمی قرار

برطانوی سرزمین پر اب کام کرنے کے لیے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کا ہونا ناگزیر قرار دے دیا گیا ہے۔

 وزیراعظم کیئر سٹارمر نے باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل آئی ڈی کی بدولت اب یہ جانچ ممکن ہو سکے گی کہ کون برطانیہ میں قانونی طور پر قیام اور روزگار کا حق رکھتا ہے، ہر نئی ملازمت کی ابتدا میں یہ شناختی کارڈ دکھانا ضروری ہوگا۔

یہ شناختی کارڈ دراصل ایک جدید کانٹیکٹ لیس نظام پر مبنی ڈیجیٹل آئی ڈی ہوگا جو ہر وقت جیب میں رکھنے کی ضرورت نہیں بلکہ موبائل فون میں موجود ایک آسان ٹیکنالوجی کے طور پر کام کرے گا۔

برطانوی شہریوں اور برطانیہ میں قانونی طور پر مقیم افراد کے لیے ڈیجیٹل آئی ڈی کی سہولت بلا معاوضہ دستیاب ہوگی۔

یاد رہے کہ برطانیہ میں عام شہریوں کے لیے شناختی کارڈ کا تصور دوسری جنگِ عظیم کے بعد قصہ پارینہ بن چکا ہے اور اس موضوع پر عوامی رائے ہمیشہ منقسم رہی ہے۔

سول رائٹس کے علَم بردار اس اقدام کو فرد کی آزادی پر حملہ اور پرائیویسی کے لیے خطرہ قرار دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیٹ جی پی ٹی کا نیا ’پلس‘ فیچر جو سوتے وقت بھی آپ کی مدد کرے گا

سابق وزیرِاعظم ٹونی بلیئر نے دو دہائیاں قبل دہشت گردی اور دھوکہ دہی سے نمٹنے کی غرض سے بایومیٹرک کارڈ کا منصوبہ پیش کیا تھا، اس وقت شدید عوامی ردعمل اور پارلیمانی مخالفت کے باعث یہ تجویز دم توڑ گئی تھی۔

Scroll to Top