این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری،لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے جبکہ دریائے جہلم، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، حافظ آباد، سرگودھا اور خوشاب سمیت متعدد علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ چترال، دیر، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم اور مانسہرہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس طرح مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور اور صوابی شامل ہیں، جہاں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں جیسے کراچی، جامشورو، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بھی بارش کا امکان موجود ہے۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان ’شکتی‘ کے حوالے سے ساتواں الرٹ جاری کیا ہے۔

محکمہ کے مطابق طوفان نے مزید شدت اختیار کرتے ہوئے شدید سمندری طوفان کی صورت اختیار کر لی ہے۔ یہ طوفان گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مغرب کی طرف بڑھا اور اس وقت کراچی کے جنوب مغرب میں تقریباً 390 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی وزیر توانائی نے بجلی مہنگی ہونے کی وجہ بتادی

پیشگوئی کے مطابق طوفان آج شام تک شمال مغرب اور وسطی بحیرہ عرب کی طرف بڑھے گا، تاہم کل مشرق کی جانب رخ موڑنے کے بعد اس کے بتدریج کمزور پڑنے کا امکان ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محتاط رہیں۔

Scroll to Top