وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف ملائیشیا کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔ ملائیشیا میں قیام کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، تجارتی اور تعلیمی شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اہم ملاقاتیں اور معاہدے طے پائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کو الوداع کہنے کے لیے خود ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کوالالمپور کے بنگا رایا بین الاقوامی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اس موقع پر ایک یادگاری البم بھی وزیراعظم کو پیش کی گئی، جس میں دورے کے اہم لمحات کو محفوظ کیا گیا تھا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو ملائیشیا کے وزیراعظم آفس پردانا پترا، پتراجایا میں شاندار استقبال دیا گیا، جہاں انہیں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی تعاون اور اقتصادی روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد کئی اہم شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی جہت ملے گی۔
وزیراعظم پاکستان نے پاکستان-ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شرکت کی، جہاں سرمایہ کاری کے مواقع اور تجارتی تعاون پر بات چیت کی گئی۔
دورے کے دوران انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا کی جانب سے وزیراعظم کو ’’لیڈرشپ اور گورننس‘‘ کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا، جو دونوں ممالک کے علمی تعلقات کی مضبوطی کا مظہر ہے۔
ملائیشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا اور سفارتی عملے نے بھی وزیراعظم کو ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔
وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تیزی سے فروغ پاتے تعلقات کا عکاس ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید قریبی تعاون کی راہیں ہموار کرے گا۔





