علی امین گنڈا پورکم ترین مدت تک وزیراعلیٰ رہنے والی پانچویں شخصیت بن گئے

علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا کے ان وزرائے اعلیٰ میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے دو سال سے کم مدت میں وزارت اعلیٰ کا منصب چھوڑا۔ وہ صوبے کے پانچویں وزیراعلیٰ ہیں جن کی مدت اقتدار دو سال سے کم رہی۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق علی امین گندا پورمارچ 2024 میں ہونے والے عام انتخابات میں خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد وزیراعلیٰ کے طور پر نامزد کیا گیا۔ علی امین گنڈاپور یکم مارچ 2024 کو منتخب ہوئے اور 2 مارچ کو انہوں نے حلف اٹھایا۔ وہ تقریباً ایک سال سات ماہ تک وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز رہے۔

صوبے کی تاریخ میں سب سے کم مدت کے وزیراعلیٰ مسلم لیگ ن کے پیر صابر شاہ رہے جنہوں نے صرف چار ماہ اور پانچ دن خدمات انجام دیں۔ ان کا دور 20 اکتوبر 1993 سے 25 فروری 1994 تک رہا۔

دوسرے نمبر پر پیپلز پارٹی کے آفتاب احمد خان شیرپاؤ ہیں، جو دو دسمبر 1988 سے سات اگست 1990 تک، یعنی ایک سال سات ماہ اور پچیس دن وزیراعلیٰ رہے۔

تیسرے مختصر مدت کے وزیراعلیٰ جے یو آئی کے مفتی محمود تھے جنہوں نے یکم مارچ 1972 سے 15 فروری 1973 تک 11 ماہ اور 15 دن خدمات انجام دیں۔

چوتھے نمبر پر پیپلز پارٹی کے سردار عنایت اللہ گنڈاپور ہیں جو 29 اپریل 1973 سے 16 فروری 1975 تک ایک سال 10 ماہ اور 17 دن وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز رہے۔

Scroll to Top