عمران خان لوگوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتے ہیں، علی امین گنڈاپور بھی نشانہ بنے، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی لوگوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتے ہیں، اور علی امین گنڈاپور اس پالیسی کا تازہ شکار بنے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست میں وفاداری کی کوئی جگہ نہیں، جو بھی ان کے مقاصد کے لیے موزوں ہو، وہ استعمال ہوتا ہے، اور بعد ازاں ایک طرف کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے استعفے یا انہیں ہٹانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے نہ کوئی فیصلہ ہوا ہے، نہ ہی وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کسی اجلاس میں اس پر کوئی گفتگو ہوئی۔

طارق فضل چوہدری نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کو آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کمیٹی کو تحریری طور پر یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاج اگر پُرتشدد رخ اختیار کرتا تو وزیراعظم نے ہی مذاکرات کا فیصلہ کیا، اور پُرامن معاہدے کے بعد مذاکراتی ٹیم کو شاباش دی گئی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کا سیاسی اتحاد قائم و دائم ہے، پیپلز پارٹی کا بغیر وزارتوں کے حکومت کا ساتھ دینا جمہوریت سے وابستگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈا پور نے اپنا استعفی گورنر خیبر پختونخوا کو ارسال کر دیا

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں پیپلز پارٹی سے باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہو چکا ہے، اور باہمی اختلافات پارٹی قیادت کی سطح پر حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اور تمام اتحادی جماعتیں موجودہ حساس حالات میں مکمل تعاون کر رہی ہیں۔

Scroll to Top