اسلام آباد: قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سلانو نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیم افغانستان کے خلاف میدان میں اترنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، کھلاڑیوں نے سخت محنت کی ہے اور وہ اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
افغانستان کے خلاف میچ سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلانو نے کہا کہ آج کا دن قومی ٹیم کے لیے بہت اہم ہے۔
کھلاڑیوں نے مشکل ٹریننگ سیشنز میں بھرپور محنت کی ہے اور سب کھلاڑی بہترین کھیل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ہیڈ کوچ نے مزید کہا ہمیں اچھے نتائج کی امید رکھنی چاہیے، کھلاڑیوں کی تیاری مکمل ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ٹیم کی کارکردگی کے ذریعے پاکستان کی بین الاقوامی رینکنگ کو بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ میچ سے قبل ٹیم مینجمنٹ فیصلہ کرے گی کہ کن کھلاڑیوں کو فائنل الیون میں شامل کیا جائے، تاہم تمام کھلاڑی ٹریننگ کے دوران فٹ اور تیار نظر آئے ہیں۔
نولبرٹو سلانو کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ٹیم ایک اچھی سائیڈ ہے لیکن پاکستانی کھلاڑی پُرعزم ہیں کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی سے مداحوں کی توقعات پر پورا اتریں۔





