جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں بدامنی اور کرپشن انتہا کو پہنچ چکی ہے، جبکہ صوبائی حکومت کی کوئی رٹ نظر نہیں آتی۔
نجی ٹی وی چینل(دنیا نیوز)کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو خود اپنی ناکامیوں کا ادراک ہو چکا ہے تو یہ ایک مثبت پیشرفت ہے، تاہم صوبے میں جو حالات پیدا ہو چکے ہیں، وہ عوام کے لیے باعث تشویش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی بحران کی اصل وجہ حالیہ انتخابات میں کی جانے والی بے قاعدگیاں ہیں، جنہوں نے نظام کو غیر مستحکم کر دیا ہے۔ مولانا کا کہنا تھا کہ وہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اندرونی معاملات پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔
سرمایہ کاری کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے خلاف نہیں، لیکن مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں کیے جانے والے معاہدے عوام سے چھپانا درست نہیں۔ ’’قوم کو اندھیرے میں رکھ کر کیے گئے فیصلے مستقبل میں مزید مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔





