شاہد جان
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 13 اکتوبر بروز پیر صبح 10 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس بلانے کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 20 اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا تھا تاہم موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں اجلاس کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے 13 اکتوبر کو بلایا گیا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) سے حمایت حاصل کرنے کے لیے باضابطہ رابطہ کر لیا۔
پی ٹی آئی کا وفد جے یو آئی کے مرکزی دفتر پہنچا جہاں وزیراعلیٰ کے انتخاب اور ایوان میں تعاون کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وفد میں پی ٹی آئی کے سینئررہنما اسد قیصر، صوبائی صدر جنید اکبر،ضلعی صدر عرفان سلیم اور دیگر رہنما شامل تھے۔
پی ٹی آئی وفد کا استقبال جے یو آئی کے صوبائی جنرل سیکریٹری سینیٹر مولانا عطا الحق درویش، مولانا جلیل جان اور دیگر قائدین نے کیا۔ ملاقات کے دوران پی ٹی آئی نے جے یو آئی سے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرانے کے لیے تعاون کی درخواست کی۔





