سوات کے عوام پاک فوج کے حق میں نکل پڑے، ریلیاں اور نعرے بازی

پاک افغان سرحد پر طالبان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے خلاف ضلع سوات میں شدید عوامی ردِعمل سامنے آیا ہے۔

سوات کے غیور عوام نے سڑکوں پر نکل کر افغانستان کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔

سوات کے مختلف علاقوں میں عوامی نمائندگان، مشرانِ علاقہ، عمائدین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی ریلیوں میں شرکت کی، شہریوں نے کہا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ دشمن کے ہر جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور حالیہ واقعے میں بھی افغانستان کی طرف سے کی گئی اشتعال انگیزی کا جرات مندانہ اور مؤثر جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

شرکا نے کہا کہ افغانستان کو یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہیے کہ پاکستان کی مسلح افواج نہ صرف ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہیں بلکہ اسلامی اقدار کی بھی نگہبان ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے ماضی میں بھارت جیسے دشمن کو بھی منہ توڑ جواب دیا اور آئندہ بھی کسی جارحیت کی صورت میں دشمن کو اسی طرح سبق سکھایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان کی سرحدی حملے پر صوابی ٹوپی میں احتجاج، پاکستانی فوج کے حق میں نعرے بازی

سوات کے شہریوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ہر محاذ پر اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Scroll to Top