وزیرِ اعظم شہبازشریف نے وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 12 شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ ان شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں پر فخر کرتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر پوری قوم کو فخر ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان جارحیت میں شہید 12 جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا، فیلڈمارشل عاصم منیر اوردیگر اعلیٰ حکام کی شرکت
وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک لمحہ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی اور شہداء کی قربانیوں کو ہر صورت یاد رکھا جائے گا۔





