انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بانی تحریک انصاف کی ہمشیرہ علیمہ خان کے خلاف مسلسل عدم پیشی پر تیسری بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ یہ وارنٹ 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے خلاف درج مقدمات کی سماعت کے دوران جاری کیے گئے۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ )کے مطابق جج امجد علی شاہ کی عدالت میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف سماعت ہوئی، جس میں علیمہ خان کے علاوہ 10 ملزمان عدالت کے سامنے پیش ہوئے جبکہ استغاثہ کے 5 گواہ بھی مال مقدمہ سمیت پیش ہوئے۔
عدالت نے علیمہ خان کی غیر حاضری پر انہیں گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے ضامن عمر شریف کے خلاف بھی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ علیمہ خان کو گرفتار کرکے 22 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
مزید برآں، عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کی جائیداد کی دستاویزات کی تصدیق کے لیے ڈی سی راولپنڈی کو ہدایات جاری کی ہیں۔
یہ کارروائی تحریک انصاف کے جلسے اور احتجاجات کے سلسلے میں مقدمات کی سماعت کے دوران کی گئی ہے، جہاں عدالت نے سخت کارروائی کے ذریعے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کا عندیہ دیا ہے۔





